نیا سال

اصول کے مطابق تو ابتدأ غیر حاضری کی معزرت سے کی جانی چاہیئے اور یقیناً ایسا ہی ہے۔ وقت انتہائی مصروف گزرا اور دیکھتے ہی دیکھتے سارا سال بیت گیا۔ اس دوران متعدد بار کوشش کی کہ بلاگ لکھنے کے اس سلسلے کو جاری رکھا جاسکے مگر وقت کی قلعت کے باعث ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔ لہذا اسی تحریر کو اس گزرتے برس کی آخری مگر آنےوالے سال، ۲۰۱۲ کی اول تحریر تصور کر رہا ہوں اور پھر سے پرامید ہوں کہ اس سال پچھلے سال کی طرح غیرحاضریوں کا سلسلہ قائم نہیں رہےگا بلکہ لکھنے کی اس مشق کو جس حد تک ممکن ہوسکے ترجیح دی جائےگی۔

ویسے اگر قارئین حضرات میں سے بعض اس نُقطہ کو اُٹھانا چاہیں کہ ”غیرحاضر“ کا استعمال عام طور پر چند دِنوں یا پھر ہفتوں تک محدود ہوتا ہے مگر مہینوں تک نظر نہ آنے کو ”گمشدگی“ کہتے ہیں تو غلط یہ بھی نہ ہوگا۔

خیر! کرسمس پر اور نئے سال کی آمد پر اس بلاگ کے باقائدہ پڑھنے والوں سے یہی امید رکھی جاتی ہے کہ وہ اپنے بڑے پن کا اظہار کرتے ہوئے اس طویل ٹوٹے ہوئے سلسلہ کے دوبارہ آغاز پر مسرت محسوس کریں گے۔

موسمِ سرما، بالخصوص مغرب کا موسمِ سرما، جس کا میں کوئی خاص دلدادا نہیں اپنے اندر کم ازکم دو پرُمسرت باتیں ضرور لاتا ہے (وہ دوست جو سردیوں کو پسند کرتے ہیں یقیناً سردیوں کے حق میں لاتعداد اچھی اور مفید باتیں بتا سکتے ہیں) یعنی کرسمس اور سالِ نوں کا آغاز۔

کرسمس جو کہ عیدِ ولادت المسیح ہے نہ صرف مسیحیوں کے لئے بلکہ نسلِ انسان کیلئے ایک انتہائی اہم واقع ہے مگر اسکے ساتھ ساتھ نئے سال کا آغاز بھی ایک بڑی نعمت ہے۔ ہر سال اس موقع پر بےشمار ارادے کئے جاتے ہیں اس امید پر کہ وہ سال بھر قائم رہیں گے مگر اکثریت (جن میں میرا بھی شمار ہے) وقت گزر جانے کےساتھ ساتھ ان ارادوں کو نظروں سے اوجھل کردیتی ہے۔ شاید وہ آغاز ہم اپنی انسانی سرشت پر انحصار کرتے ہوئے لیتے ہیں اور یہی وجہ بنتی ہے ان ارادوں میں ناکامی کی مگر اسکے برعکس ہر وہ کام جسکا کہ آغاز مسیحا کے نام سے کیا جائے ہمیشہ کامیاب ہوتا ہے۔

اس نئے سال کا پیغام یہی ہے کہ اس کا آغآز مسیح یسوع کے نام سے کیجئے جو ہمارا نجات دہندہ ہے۔ گُزرے سال کیلئے اسکی محافظت کا شکر ادا کریں اور اس نئے سال میں اسکی مدد، حفاظت اور فیاضی کے طلبگار ہوں۔

خُدا کے کہ یہ سال آپکے لئے برکتوں کا سال ہو۔ آمین۔

These views are personal opinions of the author and NOT of KalameKhuda.com

© 2012 Romael Noor

Share
© 2010 - 2012 Romael Noor
Go To Top